راولپنڈی( مانیٹرنگ رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کسی افسر نے استعفیٰ نہیں دیا، فوج آرمی چیف کی قیادت میں متحد ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر اور سینیئر فوجی قیادت دل و جان سے جمہوریت کو سپورٹ کرتی ہے اور کرتی رہے گی مارشل لا کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ پاک فو ج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ کسی افسر نے استعفیٰ نہیں دیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ اندرونی شرپسندوں اور بیرونی دشمنوں کی پوری کوشش کے باوجود فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد تھی، متحد ہے اور متحد رہے گی، اس کو تقسیم کرنے کا خواب، خواب ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی نے استعفیٰ دیا ہے نہ ہی حکم عدولی کی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ آرمی چیف اور ان کے ساتھ پوری عسکری قیادت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔