وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا طبی معائنہ کروانے کے لیے بینکنگ کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ بینکنگ کورٹ میں دائر درخواست میں ایف آئی اے نے عمران خان کا پولی کلینک یا پمز ہسپتال اسلام آباد سے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی ضمانت میں توسیع کرنے کی درخواست بینکنگ کورٹ میں زیرالتوا ہے، عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اور عدالت پیش نہیں ہورہے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان ایف آئی اے کے ساتھ تفتیش کے حوالے سے تعاون نہیں کررہے، اُن کو آرتھوپیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسر ہسپتال کی جمع کروا رہے ہیں، شوکت خانم ہسپتال کی سربراہی عمران خان کرتے ہیں، میڈیکل رپورٹ کو معتبر تسلیم نہیں کرسکتے۔
ایف آئی اے کی درخواست میں عمران خان کا طبی معائنہ پمز یا پولی کلینک اسپتال سے کروانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان اداروں کی رپورٹس کو زیرغور لایا جا سکتا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور ان کی طبی رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیاجائے۔
گزشتہ روز عمران خان کے وکلا نے بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کو تحقیقات میں شامل نہ کرنے پر ایف آئی اے کو خط ارسال کیا تھا۔مراسلے میں لکھا گیا کہ عمران خان کو غلط طریقے سے مقدمے میں شامل کیا گیا، عمران خان ایف آئی اے کی تحقیقات میں مکمل طور پر معاونت کے لیے تیار ہیں۔
style=”display:none;”>