پی این این : عمران خان کیخلاف نیب عدالت میں القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت مکمل کرلی گئی ہے۔ جس کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ جو تھوڑی دیر بعد سنادیا جائے گا۔ اب عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کا آغاز اسی عدالت میں کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری غیرقانونی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ کا عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ہر رہنما کو دیکھتے ہی گرفتاری کا حکم ، انویسٹرز کو بھی پکڑا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی پولیس کو شہر بھر میں الرٹ کر دیا گیا۔ تمام تھانوں میں نفری کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی جبکہ پولیس ذرایع کے مطابق پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی طرح پی ٹی آئی کو انویسٹ کرنے والے افراد کی فہرستیں تیار کر لی گئیں۔ تمام ایس ایچ اوز یونین کونسل کی سطح پر اقدامات کرینگے
عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد کی کشمیر ہائی وے پر احتجاج کیا۔ جسے روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔ جس کی وجہ سے حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔