لاہور: 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے پوچھ گچھ مکمل کر لی۔ عمران خان نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں انہیں باضابطہ شاملِ تفتیش کیا گیا۔
عمران خان نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت پیش ہوئے۔ نیب کی ٹیم کی جانب سے عمران خان سے کیس سے متعلق 20 سوالات کے جواب طلب کیے گئے۔ نیب نے عمران خان سے برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت کے ریکارڈ سے متعلق سوالات کیے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب نے عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈز کے فریزنگ آرڈرز کا ریکارڈ بھی طلب کیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق فیصلے کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے۔ عمران خان نے کہا کہ این سی اے برطانیہ کے ریکارڈ تک میری رسائی نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نیب کی ٹیم کو بتایا کہ القادرٹرسٹ کا ریکارڈ نیب کو پہلے ہی مل چکا ہے۔ اس سے قبل نیب کی ٹیم نے عمران خان کو 18 مئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔