وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یوٹیوبرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ اگر اس وقت لوگ ہیں تو لوگ تو ہٹلر کے ساتھ بھی تھے ، ہٹلر نے جرمنی کی معیشت کو بدل کر رکھ دیا، اس نے کام کر کے دکھایا پھر اپنے ہاتھ سے سب کچھ تباہ کر دیا، ہٹلرنے کام کر کے دکھایا تھا عمران خان، نے 4 سال میں کوئی کام نہیں کیا، آپ جلسوں میں اپنی کارکردگی بتانے سے قاصر ہیں، آپ نے ملک کے ساتھ دھوکا کیا۔عمران خان کا خیال ہے کہ وہ ہیں تو سب کچھ اور وہ نہیں تو کچھ نہیں،
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے ماہ ایک کاروباری شخصیت عمران خان کا پیغام لے کر میرے پاس آئی ، عمران خان دو معاملات بات چیت کے ذریعے طے کرنا چاہتے تھے ، ایک آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ اور دوسرا انتخابات کا ، میں نے عمران خان کو جواب بھجو دیا تھا کہ آرمی چیف کا تقرر ایک آئینی فریضہ ہے جو وزیرِ اعظم نے ہی ادا کرنا ہے، اس پر بات نہیں ہو سکتی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے ان سے اجازت لے کر پریس کانفرنس کی ، اس میں کوئی حرج نہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے افواجِ پاکستان پر تابڑ توڑ حملے کیے، ڈائن بھی تین گھر چھوڑ کر حملہ کرتی ہے، جس ادارے نے اسے پالا اس کے لئے کیا کیا پاپڑ بیلے ، عمران نے اسی کے خلاف زہر اگلا ، ادارے نے سوچا ہو گا کہ عمران خان کو سپورٹ کرتے ہیں، پاکستان کی حالت بہتر ہو جائے گی، سعودی عرب، چین، قطر سے پیسے لا کر دیے، جا کر منتیں کیں، ہر چیز کو داؤ پر لگا دیا کہ شاید پاکستان کا بھلا ہو جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کے اوپر ادارے کے اتنے احسانات ہیں کہ ساری عمر بھی شکریہ ادا کریں تو نہ کر سکیں، یہ شخص اتنے دھکے لگانے کے باوجود بھی مکمل ناکام ہو گیا، دھکا اسٹارٹ گاڑی بھی دھکے کھا کر چل پڑتی ہے، عمران خان کی گاڑی دھکا لگانے کے بعد بھی نہیں چلی، جو وطن کا نہیں وہ کسی کا نہیں۔ وہ کبھی شہباز گِل ، کبھی اعظم سواتی سے بیان دلواتے رہے، انہوں نے لوگوں کے خاندانوں اور بچوں تک کو نہیں بخشا، عمران خان جیسے کام کر رہے ہیں، ایسے کام کوئی جانور بھی نہیں کرتا۔
یہ خونی مارچ ہے، علی امین گنڈا پور کی آڈیو سامنے آئی ہے، جس میں واضح ہو گیا ہے، میں عمران نیازی کی طرح نہیں کہ مخالفین کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالوں، عمران خان احسان فراموش شخص ہیں، انہوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اس کو ناکام بنائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کے بارے انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایماندار آدمی ہیں، ان کا نام عمران خان نے ہی دیا تھا۔
سعودی عرب دورہ کے بارے انہوں نے کہا سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے ، سعودی عرب نے بغیر کسی شرط کے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے عمران خان کو بطور وزیرِ اعظم 14 یا 18 کروڑ کی قیمتی گھڑی کا تحفہ دیا تھا، عمران خان نے یہ تحفہ بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال دیے، جو تحفے دینے والے ملک کے سربراہ کی توہین ہے، عمران خان نے تحفے توشہ خانہ میں جمع کرانے سے پہلے فروخت کیے، تحفے پہلے فروخت کیے گئے پھر اس کا ایک حصہ توشہ خانے میں جمع کرایا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، عمران نیازی نے مذموم مقاصد کے لیے مارچ کا اعلان کیا ہے، اس خونی مارچ کا کس کو فائدہ ہو گا؟ 6 ماہ گزر گئے ہیں کیا اس دوران ہم پر 1 روپے کی کرپشن کا الزام بھی لگا ہے؟
style=”display:none;”>