وفاقی وزارت داخلہ نے نجی ٹی وی چینل ‘اے آر وائی نیوز’ کا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) منسوخ کردیا ہے جبکہ چینل کی انتظامیہ نے حکومتی اقدام کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘اے آر وائی کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (اے آر وائی) نیوز کو جاری این او سی منسوخ کردیا گیا ہے اور اس پر فوری عمل درآمد ہوگا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ ‘ایجنسیوں کی جانب سے اس کے برعکس رپورٹس کی بنیاد پر مزید احکامات تک’ عمل درآمد ہوگا۔ اے آر وائی کی انتظامیہ نے اس اقدام کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سربراہی میں اتحادی حکومت کی جانب سے نیوز چینل سے منسلک 4 ہزار سے زائد میڈیا کارکنان کا معاشی قتل قرار دیا۔ چینل نے ردعمل میں کہا کہ یہ صحافی برادری کے خلاف ایک نیا قدم ہے اور یہ بغیر کسی نوٹس کے کیا گیا ہے۔ چینل کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ انتظامیہ چینل کی نشریات معطل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتی ہے، وفاقی حکومت چینل کو نشانہ بنا رہی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے نیوز چینل کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی مدت میں 15 اگست تک کی توسیع کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو کیبل میں بحال کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ عدالت نے چینل کے وکیل کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل کو مزید عدالتی احکامات تک چینل میں پیش نہ کرنے کی یقین دہانی پر پیمرا کو چینل کا لائسنس معطل یا منسوخ کرنے سے 17 اگست تک روک دیا تھا۔
style=”display:none;”>