اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے احتجاج ریڈ زون سے باہر کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندیشہ ہے یہ پی ڈی ایم احتجاج ریڈ زون یا شاہراہ دستور پر ہوتا ہے تو اسے کنٹرول کرنا کافی مشکل ہو گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگ بڑی تعداد میں احتجاج میں آنا چاہتے ہیں، لوگوں کو غم و غصہ ہے، جس طرح چیف جسٹس اور 3 رکنی بینچ فیصلے کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے درخواست کی ہے وہ اپنا احتجاج ریڈ زون سے باہر کریں، فضل الرحمان نے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے، ان سے 10 بجے دوبارہ ملاقات ہوگی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ملک میں جو دہشت گردی ہوئی ہے، وہ منصوبہ بندی سے کروائی گئی ہے، دہشت گردوں نے شہدا کی یادگاروں کو آگ لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ کی کارروائیوں کے لئے باقاعدہ اہداف دیے گئے، باقاعدہ پیٹرول بم بنانے کی تربیت دی گئی۔