صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کےلئےٹیکس نظام میں اصلاحات نا گزیر ہیں، ٹیکس چوری سے ملکی معیشت متاثر ہوتی ہے، بدقسمتی سے بہت کم شہری ٹیکس ادا کرتے ہیں، ملک بڑی آزمائشوں میں ہے، چھوٹی چھوٹی چپقلشوں میں پڑے رہے تو ترقی نہیں کر سکیں گے، خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، خواتین کو ہراساں کرنے کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی کیونکہ جن معاشروں میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے وہاں ترقی نہیں ہوتی، سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب آفس میں خصوصی کائونٹر قائم کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گورنر ہائوس لاہور میں ٹیکس آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان ،وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ،مختلف ایوان صنعت وتجارت کے صدورسمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے حجم کے حساب سے ملک میں محصولات کی شرح صرف 9 فیصد ہے، ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے ٹیکس دینا ضروری ہے، ٹیکس چوری سے ملکی معیشت متاثر ہوتی ہے،بدقسمتی سے پاکستان میں بہت کم شہری ٹیکس ادا کرتے ہیں،شرح نمو کے حساب سے ملک میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو بڑھانے کیلئے مربوط پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی لانی ہے تو ہر شہری کو ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیکس ادا کرنا ہو گا کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں ہر شہری ٹیکس دیتا ہے۔
style=”display:none;”>