راولپنڈی : فیاض الحسن چوہان نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ۔انہوں نے اعلان کیا کہ میرا اب تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 9 مئی کےواقعات سے دل دکھی ہے پاکستان کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔ریاست سے ٹکرانا سیاست دان کا کام نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ میں ایک سال سے پارٹی کے اندر کھڈے لائن تھا بنی گالہ اور زمان پارک میں میرے داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔میں نے ایک سال قبل عمران خان کو میسج بھیجا تھاانہیں سمجھایا کہ ہم قائداعظم کے پیروکار ہیں، تشدد کی سیاست کو چھوڑ دیں،عمران خان ملاقات کیلئے وقت ہی نہیں دیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز رہائی کے بعد خاندان سے پوچھا کیا عمران خان نے میرے لیے ٹوئٹ کی؟ تو بتایا گیا کہ نہیں، عمران خان کو سب یاد رہے جس کا گھر تباہ ہوگیا وہ فیاض الحسن یاد نہیں رہا۔
انہوں نے بتایا کہ زوم میٹنگ میں ترجمانوں کو کہا جاتا تھا کہ فوج مخالف بیانیہ تیار کیا جائے، یکم مئی کی ریلی پریکٹس کے طور پر رکھی گئی کہ فوجی دفاتر کی طرف رخ کریں، 6 مئی کو عمران خان کے حکم پر کچہری چوک پر ریلی رکھی گئی، واثق قیوم، عمر تنویر کے علاوہ رہنماؤں کو رضا مند کیا کہ مریڑ پل کراس نہیں کرنا، واثق قیوم کو ڈائریکٹ میسج آیا کہ جی پی او چوک پہنچیں۔