وزیراعظم شہبازشریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں بہنوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات خاص طورپر پکتیکا کے علاقے میں اموات پر دلی افسوس ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ پاکستانی حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔