رباط( خصوصی رپورٹ) مراکش میں 6.8 کی شدت کے ہولناک زلزلے نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی۔ زلزلے کے نتیجے میں 296 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز مراکیش شہر سے 71 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے باعث درجنوں مکانات، مساجد اور کاروباری مراکز زمیں بوس ہوگئے۔ گرنے والی عمارتوں میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل عمارتیں بھی شامل ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے ساحلی شہروں رباط، کاسابلانکا اور ایساویرا میں بھی محسوس کیے گئے۔ مراکش کی وزارت داخلہ کے مطابق زیادہ تر اموات پہاڑی علاقوں میں ہوئیں جہاں تک ریسکیو کے لیے پہنچنا مشکل ہے۔ وزارت داخلہ نے جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ آفٹر شاکس کے خطرات کی وجہ سے مقامی لوگوں نے رات گھروں سے باہر گزاری۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔