راولپنڈی ( خصوصی رپورٹ ) پاک فوج کی تنصیبات پر نو مئی کو حملوں میں ملوث افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت بھی مقدمے دائر کیے جائیں گے۔اس بات کا فیصلہ کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ فورم کو اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فورم نے سیاسی مقاصد کے لیے پیدا کی گئی پچھلی چند روزہ امن و امان کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔کانفرنس کے شرکاء کو شہداء کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی اور مربوط توڑ پھوڑ کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل مربوط منصوبے کے تحت ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، منصوبہ ادارے کو ردعمل دینے اور اکسانے کے لیے انجام دیا گیا۔پاک فوج نے فوجی تنصیبات، سرکاری و نجی املاک کے خلاف سیاسی محرک اور اکسانے کے واقعات کی سخت مذمت کی۔کمانڈرز نے افسوسناک واقعات پر فوج کے افسروں اور جوانوں کے غم اور جذبات کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا، قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کمانڈرز نے کہا کہ فوج ان اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں سے بخوبی واقف ہے، ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا۔ کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ مجرموں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔کانفرنس میں اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی ایجنڈا کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔شرکاء نے بیرونی اسپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈا پر بھی شدید اظہار تشویش کیا۔عساکر پاکستان نے کہا کہ شرمناک پروپیگنڈا کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، اس کا مقصد مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔کمانڈرز نے کہا کہ افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔کانفرنس میں کہا گیا کہ قومی سطح پر اتفاق رائے ضروری ہے تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جاسکے۔فورم نے موجودہ سیاسی عدم استحکام کے حل کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلم باغ حملے میں سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کو سراہا گیا، فورم نے انسداد دہشتگردی آپریشنز کو بھی سراہا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں دہشتگردی کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔فورم نے موجودہ سیاسی عدم استحکام سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔کور کمانڈرز نے عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔فورم نے معاشی سرگرمی کو نئی توانائی سے شروع کرنے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔عساکرِ پاکستان نے کہا کہ دشمن قوتوں کے ایسے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔عسکری حکام نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔فورم نے جمہوری عمل مضبوط بنانے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کانفرنس کے شرکاء نے مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔