اسلام آباد: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو جی بی ہاؤس اسلام آباد میں نظر بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو جی بی ہاؤس اسلام آباد میں نظر بند کر دیا گیا، خالد خورشید کو نظر بند کرنے کی منظوری چیف کمشنر اسلام آباد نے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے گلگت بلتستان ہاؤس اسلام آباد کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو جی بی ہاؤس میں پناہ دے رکھی تھی جس کے بعد آج انہیں نظر بند کردیا گیا اور گلگت بلتستان ہاؤس کے باہر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان ہاؤس کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ملیکہ بخاری، مسرت چیمہ اور دیگر کو جی بی ہاؤس اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا، یہ لوگ جی بی ہاؤس اسلام آباد میں چھپے ہوئے تھے۔