چیف الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے این اے 237 ملیر کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزام کو مسترد کردیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہان نے کہا کہ ملیر کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، ملیر ضمنی انتخاب کے نتائج میں کامیاب امیدوار سے عمران خان کا 10 ہزار ووٹ کا فرق ہے۔
اعجاز انور چوہان نے کہا کہ جو الزامات مجھ پر لگائے گئے وہ بے بنیاد ہیں، ان کی سختی سے تردید اور مذمت کرتا ہوں۔ بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے آئینی ادارے کے عہدے دار کے حوالے سے ایسے بیان کی توقع نہیں تھی۔
چیف الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ کیا عمران خان کورنگی میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی بھی ری پولنگ کا مطالبہ کریں گے؟ ملیر اور کورنگی دونوں حلقوں میں الیکشن کمیشن نے ہی ضمنی انتخابات کروائے ہیں۔
اعجاز چوہان نے کہا کہ جہاں سے عمران خان جیتے وہاں دھاندلی نہیں، جہاں سے ہارے وہاں دھاندلی کا الزام لگا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی کے دونوں حلقوں میں صاف اور شفاف ضمنی انتخابات کروائے ہیں۔
style=”display:none;”>