وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر کل یعنی بروز ہفتہ چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام وزیر خارجہ کے وفد کا حصہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران دونوں وزرا خارجہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیش رفت سمیت مختلف منصوبوں پر بھی بات چیت ہو گی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ دونوں فریقین اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر بھی ہوگا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اس سے قبل 11 مئی 2022 کو ورچوئل میٹنگ کی تھی۔
style=”display:none;”>