پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر ایشیا کپ کی میزبانی واپس لی گئی تو زیادہ امکان ہے کہ پاکستان کی ٹیم انڈیا میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت نہ کرے۔
روئٹرز کو ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی نے بتایا کہ انڈیا ایشیا کپ کو پاکستان سے باہر لے جانا چاہتا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی کشیدگی اور تنازعے کے باعث گزشتہ ایک دہائی سے دوطرفہ کرکٹ نہیں کھیلی گئی اور دونوں ٹیمیں اُسی وقت ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں جہاں کثیرالقومی ایونٹ ہو جو نیوٹرل وینیو پر منعقد کیا گیا ہو۔
انڈیا نے سکیورٹی خدشات کے باعث ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ ستمبر میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نے دونوں ٹیموں کے میچز امارات کے میدانوں میں منعقد کرنے کی تجویز پر ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے تحت ورلڈ کپ کے میچز بھی یو اے ای میں ہی کرانے کے لیے کہا تھا۔