اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا،آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے لواحقین سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی۔ اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
آرمی چیف نے پولیس آفیسر ،جوانوں اورشہدا ءکے ورثا ءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج، پولیس اور سیکیورٹی ادارے ریاست کی علامت ہیں،تمام ادارے ملک کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں، عوام اور پاک فوج شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آرمی چیف نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔