اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے میں اللّٰہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے آفیشل سیکرٹس ترمیمی بل 2023 اور پاکستان آرمی ترمیمی بل 2023 پر دستخط نہیں کیے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل سے اتفاق نہیں کرتا، میں نے اپنے عملے سے کہا کہ وہ بغیر دستخط شدہ بلوں کو مقررہ وقت کے اندر واپس کر دیں تاکہ انہیں غیر مؤثر بنایا جا سکے، میں نے ان سے کئی بار تصدیق کی کہ آیا وہ واپس جا چکے ہیں اور مجھے یقین دلایا گیا کہ وہ جا چکے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے آفیشل سیکرٹس ترمیمی بل 2023ء اور پاکستان آرمی ترمیمی بل 2023ء پر دستخط نہیں کیے کیونکہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا۔
صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ مجھے آج پتا چلا کہ میرا عملہ میری مرضی اور حکم کے خلاف گیا، اللہ سب جانتا ہے، وہ ان شاء اللہ معاف کر دے گا، میں ان لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جو اس سے متاثر ہوں گے۔