الاخبار (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ میں یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے۔ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا اور اس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، اس وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے۔
اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ اس کے لیے ہماری پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
آج کے دن، آئیں ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے اور اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں۔ مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین!