اسلام آباد (الاخبار سٹاف رپورٹر) تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے سکریٹری جنرل اسدعمر کو اسلام آباد پولیس لائین سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور ملکہ بخاری، عمران خان سے ملنے کے لئے پولیس لائنز اسلام آباد پہنچے تھے لیکن انھیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور تھوڑی ہی دیر بعد ہی اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتاری سے قبل اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کو اپنی گرفتاری کا پہلے ہی خدشہ تھا، اسی لئے انہوں نے پارٹی معاملات چلانے کی غرض سے ایک سات رکنی کمیٹی قائم کردی تھی۔ اب وہی کمیٹی، شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پارٹی کی قیادت کرے گی۔