برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عشائیہ میں شرکت کی۔ عشائیہ کے موقع پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا۔ مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 17 سال بعد تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لئے پوری قوم پرجوش ہے، پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی عوام کس طرح کرکٹ سے والہانہ لگاﺅ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے بہترین جگہ ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بہترین سیکورٹی فراہم کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے حالیہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہترین کھیل کے منتظر ہیں۔
برطانوی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کے عوام کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں سیکورٹی تسلی بخش ہے، بہترین کرکٹ کھیلنے کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
style=”display:none;”>