اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے اڈیالہ جیل کے دورے کے دوران جیل حکام کے قیدی سے ناروا سلوک کی نشاندھی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک قیدی شاہ فہد نے الزام عائد کیا ہے کہ ججز کے سامنے ناروا سلوک کا معاملہ اٹھانے پر اسے اڈیالہ جیل کے حکام نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
شاہ فہد کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنےحکم میں قرار دیا ہے کہ ایک مجسٹریٹ کی زیر نگرانی بورڈ تشکیل دیا جائے جو سات دسمبر تک رپورٹ پیش کرے۔ قیدی شاہ فہد نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ اسے قید تنہائی میں رکھا گیا اور جیل مینوئل کے مطابق کھانا فراہم نہیں کیا گیا۔
اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے پورے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ قیدی نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ جیل حکام کو مزید تشدد نہ کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ قیدی نے اپنی درخواست میں آئی جی جیل خانہ جات، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل، میڈیکل آفیسر اڈیالہ جیل اور نیشنل کمیشن انسانی حقوق کو فریق بنایا ہے۔
style=”display:none;”>