چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے دی ہے۔پی ٹی آئی لانگ مارچ سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنہوں نے انہیں مارنے کی کوشش کی وہ ا بھی وہیں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہے کہ راولپنڈی میں میری جان کو خطرہ ہے۔ 26 نومبر کو کارکن راولپنڈی پہنچیں میں وہاں خود مارچ کی قیادت کروں گا، پارٹی کو بھی کہوں گا ابھی سے تیاری شروع کر دیں۔
اگلے ہفتے 26 نومبر کو آپ سے راولپنڈی میں ملوں گا۔ سارے پاکستانیوں کو کہہ رہا ہوں اگر آپ کا خیال ہے آپ گھر بیٹھیں رہیں گے اور ایک ساتھ تبدیلی آ جائے گی ایسے نہیں ہوتا۔ اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہم بھیڑ بکریوں کی طرح رہیں اور ایک دم ہم آزاد ہو جائیں گے تو ہم نہیں ہوں گے۔ ہم ویسے ہی رہیں گے۔
تو یہ وقت ہے میں ساری قوم کو دعوت دے رہا ہوں راولپنڈی آنا ہے، آپ نے پوری کوشش کرنی ہے پہنچنے کی، میں وہاں آپ سے خود خطاب کروں گا اور اگلا لائحہ عمل دوں گا۔ اور جو سارے طاقتور حلقے ہیں آپ کو ایک چیز کہنا چاہتا ہوں جس سے مرضی آج پوچھ لیں آپ کے پاس طاقت ہے آپ کی ذمہ داری ہے۔
جس سے پوچھ لیں بزنس مین سے پوچھ لیں، پروفیشنل سے پوچھ لیں، اکنامسٹ سے پوچھ لیں کسی سے بھی پوچھ لیں کہ کوئی آپ کو کہے کہ سوائے ایک حل کے صاف اور شفاف الیکشن کے کوئی دوسرا حل نہیں ہے اس دلدل سے نکلنے کا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو ہٹائے ہوئے 7 مہینے ہوگئے ہیں تو میں اپنی طاقت ور اسٹیبلشمنٹ سے سوال پوچھتا ہوں کہ یہ دو خاندان کیسے ٹھیک ہوگئے کہ پھر آکر مسلط ہوگئے۔ چلیں مانتے ہیں اسٹیبلشمنٹ نے اس پر کوئی سازش نہیں کی لیکن روک تو سکتے تھے، ان کا ماضی جانتے تھے، ایجنسیوں کے پاس ان کی فائلیں پڑی ہوئی ہیں، مجھے پتا ہے ساری کہانیاں اسٹیبلشمنٹ کے پاس پڑی ہوئی ہے۔ بیرونی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک اندرونی امداد نہ ہو۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ مارچ کے شرکا کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک سات ماہ پہلے شروع ہوئی، سات ماہ پہلے ہماری حکومت گرائی تب سے میدان میں ہوں، ہم عوام کو جگا رہے ہیں،7 ماہ میں لوگوں میں شعور دیکھا، کبھی ایسے سین زندگی میں نہیں دیکھے تھے اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ایک جاگی ہوئی قوم اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔
پہلے لانگ مارچ میں خواتین، بچوں نے شرکت کی، 25 مئی کے ظلم کو کبھی نہیں بھولوں گا، فاشسٹ، جرائم پیشہ لوگوں کو ہمارے اوپرمسلط کیا گیا، 30 سال سے یہ لوگ منی لانڈرنگ اور قتل عام کر رہے تھے، ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق شہبازشریف نے کئی سولوگوں کو مروایا، رانا ثنا نے 18 قتل کیے، یہ قبضہ گروپ ہے، انہوں نے 25 مئی کو ہمارے کارکنوں پر ظلم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں نے تحریک کے دوران قربانیاں دیں، شہباز شریف نے کئی سو لوگ مقابلوں میں مروائے، عابد باکسر نے ٹی وی پر کہا میرے ذریعے لوگوں کو مروایا گیا، ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسے جلسے نہیں ہوئے جیسے ہم نے کیے، لوگوں کو جیلوں میں ڈالا، ایف آئی آر کی بارش ہو گئی، جب انہوں نے مارچ کیے ہم نے کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی، ہم نے ان کے احتجاج کو روکنے کے لیے کنٹینر نہیں لگائے، ہمیں ڈرانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا گیا، میرے ملازمین کو خریدنے کی کوشش کی گئی، شہباز گل کو ایک جملہ کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شہباز گل کے ایک جملے پر ٹی وی چینل کو بند کر دیا گیا، اعظم سواتی کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی کی ذاتی ویڈیو بنا کر اسے بھیجی گئی، اعظم سواتی پر تشدد کر کے مجھے پیغام دیا گیا کہ ایسا ہو گا، مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کا مجھے پہلے ہی پتا تھا کہ تیاری ہو رہی ہے، مجھے کہا گیا جلسے نہ کریں جان کو خطرہ ہے، میں سیاست کے لیے نہیں قوم کی حقیقی آزادی کے لیے نکلا ہوں۔
style=”display:none;”>