پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں آج بعد نماز جمعہ لبرٹی چوک لاہور سے شروع ہوگا۔ لبرٹی چوک میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آج شب لاہور میں ہی قیام کریں گے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق جمعے کی رات لبرٹی چوک تا شاہدرہ انٹر چینج پرلانگ مارچ کی پہلی منزل ہوگی اور عمران خان کے خطاب کے بعد لانگ مارچ کے شرکا رات وہیں قیام کریں گے۔
ہفتے کی صبح لانگ مارچ شاہدرہ سے شروع ہوگا اور اگلا پڑاؤ گوجرانوالہ میں ہوگا، اتوار کے روز لانگ مارچ کی اگلی منزل گجرات ہوگی جہاں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی لانگ مارچ کا استقبال کریں گے، لانگ مارچ کا اگلا پڑاؤ سرائے عالمگیر میں ہوگا۔
پیر کے روزلانگ مارچ اپنی اگلی منزل جہلم کی جانب بڑھے گا جہاں فواد چودھری لانگ مارچ کی میزبانی کریں گے، منگل کے روز عمران خان گوجر خان سے ہوتے ہوئےروات میں پڑاؤ ڈالیں گے جہاں وہ لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب بھی کریں گے۔
بدھ کو اسلام آباد کی جانب پیش قدمی سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان حکمت عملی مرتب کریں گے، روات کے مقام پر ہی مزید قافلے لانگ مارچ میں شریک ہوجائیں گے۔
بدھ کے روز فیض آباد کی جانب اگلی منزل کا فیصلہ کیا جائے گا، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سے منگل کی شام قافلوں کو اسلام آباد کی جانب گامزن کرنے کا پلان مرتب ہوگا۔ مارچ لاہور سے اسلام آباد پہنچنے کے لیے کم ازکم 4 اور زیادہ سے زیادہ 6 دن لے گا۔
style=”display:none;”>