وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے سمرقند کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر دوسرے سربراہان حکومت کے علاوہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیرِ اعظم صدر تاجکستان امام علی رحمن اور صدر ازبکستان شوکت مرزئیوف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ وزیرِ اعظم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلا روسی صدر الیگزینڈر گریگوری-وچ لوکا-شینکو اور صدر کرغستان سیدر جاپاروف سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔اس کے بعد وزیرِ اعظم ازبک صدر کی طرف سے سربراہانِ ممالک کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے ۔ عشائیے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر ایس سی او ہیڈز آف سٹیٹ میں شرکت کررہے ہیں، جو اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ ایس سی او تنظیموں کے سربراہان اور دیگر خصوصی مہمان شرکت کریں گے۔
حالیہ اجلاس میں، ایس سی او کے رہنما اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر غور کریں گے، بشمول موسمیاتی تبدیلی، فوڈ سیکیورٹی انرجی سیکیورٹی، اور پائیدار سپلائی چین۔ اجلاس میں ایسے معاہدوں اور دستاویزات کی بھی منظوری ہوگی جو شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کی مستقبل کی سمت کا تعین کریں گے۔
سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ، وزیر اعظم سی ایچ ایس کے سائیڈ لائنز پر دیگر شریک رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
style=”display:none;”>