وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم ‘فلڈ ریلیف فنڈ’ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسی طرح آئی ایس پی آر نے بھی اطلاع دی ہے کہ پاک فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ‘فلڈ ریلیف آپریشن’ میں استعمال کے لئے عطیہ کر دی پے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جمعرات کو سیلاب زدگان کی مدد کے لئے وسائل کے حصول کی غرض سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بین الاقوامی شراکت داروں کا بھی ایک اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ورلڈ بینک، ایشائی ترقیاتی بینک، عالمی مالیاتی اداروں، بین الاقوامی ڈونرز ،چین، امریکہ و یورپی ممالک ،اقوام متحدہ کے مختلف ذیلی اداروں اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی شراکت داروں کو ملک بھر میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہی کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجےبنحسین نے وزیرِ اعظم کو ورلڈ بنک کی طرف سے 350 ملین ڈالر کی فوری امداد کے بارے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ورلڈ بنک یہ امداد رواں ہفتے کے آخر تک مکمل طور پر فراہم کر دے گا۔
انھوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی نقصانات کے تخمینے کے بعد ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے سیلاب متاثرین کیلئے 110 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک نے 20 ملین ڈالر اور یوکے ایڈ نے 1.5 ملین پاونڈ کی کی فوری امداد کا اعلان کیا۔
صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پر تمام صوبائی حکومتوں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے ۔
style=”display:none;”>