پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو اسلام آباد پولیس نے پمز میں زیر علاج شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہ دی اور وہ بغیر ملاقات ہی وہاں سے چلے گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کیا یہاں قانون کی حکمرانی ہے؟
انہیں عدالت کے حکم کی کوئی فکر نہیں ہے، کل اسلام آباد میں شہباز گل کے لئے ریلی نکال رہا ہوں، سب لوگوں کو دعوت دیتا ہوں ریلی میں شرکت کریں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے، سارے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔ عمران خان کے اسپتال پہنچنے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شہباز گل کے وکیل فیصل چودھری اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی عمران خان کے ہمراہ پمز اسپتال پہنچے تھے۔پمز اسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے کارڈیالوجی وارڈ کے باہر نعرے بازی بھی کی گئی۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ شہباز گل سے ملنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، اسپتال پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، عوام یا کوئی بھی شخص ملاقات کی کوشش کرکے امن وامان کی صورتحال پیدا نہ کرے۔ ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم شہباز گل کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس نے اسپتال میں سیکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا ہے۔ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر نہیں ہے اور ملزم سے ملاقات کی اجازت نہیں، کسی بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بننے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
style=”display:none;”>