تحریک انصاف کے 13رہنمائوں نے لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ ، پولیس پر تشدد اور دیگر الزامات کے تحت درج مقدمات میں انسداد دہشتگردی عدالت میں دائر عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں،تمام رہنمائوں نے پولیس کی طرف سے بیگناہ ہونے کی بنیاد پر ضمانت کی درخواستیں واپس لیں جس پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزمان کی طرف سے برہان معظم ملک اور میاں تبسم ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔شفقت محمود، ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، عندلیب عباس، میاںمحمود الرشید، عمیر خان نیازی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ ،اعجاز چودھری، میاں اسلم اقبال، ندیم عباس بارا اور دیگر نے عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لیں۔
وکلاء نے موقف اپنایا کہ تحریک انصاف کے تمام رہنمائوں کو 4 مقدمات میں بیگناہ کر دیا گیا ہے، سیاسی رہنمائوں پر دہشتگردی کی دفعات عائد کرنا آئین اور جمہوریت کی خلاف ورزی تھی، دہشتگردی کا قانون دہشتگردوں کیلئے بنایا گیا تھاسیاسی رہنمائوں کیلئے نہیں۔ پولیس کی جانب سے تفتیش میں بے گناہ قرار دئیے جانے پر عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے بھی کیس نمٹا دیا۔
style=”display:none;”>