وزیراعظم شہباز شریف سے پیر کے روز سعودی عرب سے تعلق رکھنے والےکاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی . ملاقات میں وفاقی براے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر سرمایاکاری بورڈ چودھری سالک حسین وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود , وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، کمرشل اتاشی ، پاکستانی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے تاجران اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی .
ملاقات میں سعودی عرب کی کاروباری برادری، تاجران اور صنعت کاروں کے لیے پاکستان میں موجود سرمایاکاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی . ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان سرمایہ کاری استعداد کے حوالے سے ایک ابھرتا ہوا ملک ہے جہاں کاروبار کرنے حوالے سے بہت سی آسانیاں موجود ہیں اور جہاں پر محفوظ سرمایہ کاری کے لیے ماحول موجود ہے. پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت، لائیو اسٹاک ، آلات جراحی، فوڈ پروسیسسنگ ، توانائی. سیاحت، معدنیات ،ٹیکسٹائل، لیدر اور دیگر شعبہ جات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں.
علاوہ ازیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر میں آئل ریفائنری انڈسٹری کے حوالے سے سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جس میں سعودی سرمایہ کاروں نے دلچسپی بھی ظاہر کی ہے . ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت تیز کریں گے اور اس سلسلے میں پاکستان -سعودی عرب جائنٹ ورکنگ گروپ کو بھی فعال کیا جائےگا.
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے 75سالوں میں مثالی رہے ہیں اور سعودی عرب نے سیاسی، سفارتی اور معاشی محازوں پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے پاکستان اور سعودی عرب یک جان ،دو قالب ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ مجھے سعودی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے . وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ انتہائی مفید رہا جس کے دوران سعودی لیڈرشپ نے اس عزم کو دہرایا کہ سعودی عرب ہر سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا. ہمیں مختلف امور پر گفتگو کا بھرپور موقع ملا . وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران ہمیں پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کا موقع ملااور سعودی عرب نے پاکستان میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے اس اعتماد پرہم سعودی لیڈرشپ کے شکر گزار ہیں . وزیراعظم نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے روڈ میپ بنایا جائے. وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں .وزیراعظم نے مزید کہا سعودی عرب نے حالیہ سالوں میں بہت ترقی کی ہے اور سعودی عرب نے اپنے اسلامی تشخص اور کلچر کو برقرار رکھتے ہوئےماڈرنائزیشن کو اپنایا ہے.
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان میں سعودی کمپنیوں اور تاجران کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کے جایئں .وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی کاروباری برادری تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتی ہیں .
سعودی وفد نے پاکستان میں صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں میں جیسا کہ کان کنی، سیاحت سمیت دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا .