صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی احتساب (ترمیمی) بل 2022 ء بغیر دستخط وزیراعظم آفس واپس بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ یہ بل رجعت پسندانہ نوعیت کا ہے جس سے قانون کے لمبے ہاتھوں کو مفلوج کرکے بدعنوانی کو فروغ حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے یہ قانون منظوری کے بعد صدر کو دستخط کے لئے بھیجا تھا اور صدر نے پہلے بھی اس قانون پر دستخط کئے بغیر وزیر اعظم آفس کو واپس بھجوا تھا جس پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اس قانون کی دوبارہ منظوری ہوئی اور اسے صدر کو دستخط کے لئے بھیجا گیا۔ آئین کے تحت پارلیمنٹ سے کسی قانون کی دوسری بار منظوری کے بعد اس پر صدر کے دستخط ضروری نہیں ہوتے کیونکہ مسودہ قانون سات روز کے اندر اندر خود بخود قانون بن جاتا ہے۔
احتساب (ترمیمی) بل 2022 کو واپس بھجواتے ہوئے صدر مملکت نے لکھا کہ یہ بل بدعنوان عناصر ، جن کے بارے میں پاکستانی عوام میں کوئی دو رائے نہیں پائی جاتی کہ انہوں نے بے تحاشہ دولت اکٹھی کررکھی ہے ، کے لئے واضح پیغام ہے کہ وہ کسی کو بھی جوابدہ نہیں اور بلاخوف و خطر اپنی لوٹ مار جاری رکھ سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمزور آدمی معمولی جرائم میں بھی پکڑا جائے گا جب کہ بااثر بدعنوان عناصر کو قوم کا خون چوسنے کے مکروہ عمل کی کھلی آزادی مل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کے عمل کو کمزور کرنا نہ صرف خلاف ِ آئین ہے بلکہ پہلے سے مسائل زدہ پاکستانی عوام کے بنیادی حقوق کےبھی خلاف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ صدر پاکستان کے بل پر دستخط نہ کرنے کے باوجود یہ بل قانون کی حیثیت اختیار کر لے گا۔
بل پر دستخط نہ کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو وائٹ کالر کرائم پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی عناصر کا کالا دھن ، جو کہ ٹیکس چوری ، جرائم اور بدعنوانی کے دیگر ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے، کوئی ایسا نشان نہیں چھوڑتا کہ جس کا کھوج لگایا جا سکے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے معاملات پر اسلامی فقہ سے بھی ہدایت لینی چاہیے۔ انہوں نے خلیفہ ثانی حضرت عمر کے ایک واقعے کا حوالہ دیا کہ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنی چادر کے لئے کپڑے کے دو ٹکڑے کیسے حاصل کیے جب کہ سب کے حصے میں ایک ٹکڑا آیا تھا۔ چونکہ حضرت عمر کے پاس وہ کپڑا موجود تھا تو انہوں نے اس کے ماخذ کی وضاحت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے بھی اس عام تاثر کی عکاسی کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے نیب آرڈیننس کے نفاذ میں خامیاں موجود ہیں ۔ یہ قانون بھی دیگر قوانین کی طرح انتظامیہ کو اختیار دیتا ہے کہ اس کا استعمال طاقتور عناصر کے سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے کیا جاسکے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں گزشتہ چند دہائیوں کے تجربات کی روشنی میں ان قوانین میں موجود واضح سقم دور کرنے ، انصاف کی فراہمی مؤثر بنانے کیلئے ترامیم لانی چاہیے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی ہرگز توقع نہ تھی کہ پچھلی حکومتوں کی کاوشوں پر پانی پھیر دیا جائے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ ادارے کے بنیادی ڈھانچے میں بہتر ی لانے کی بجائے بغیر کسی متبادل نظام کے احتساب کے عمل کو زمین بوس کرنا ، احتساب کے عمل کو غیر مؤثر بنانے اور استحصالی اداروں اور نظام کو فروغ دینے کے مترادف ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا میرا ضمیر مجھے اس بل پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔