صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اسٹیٹ لائف کو ہدایت کی ہے کہ وہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان کے فائر مین کی بیوہ کو منافع کے ساتھ انشورنس کی رقم ادا کرے۔
صدر مملکت نے اس حوالے سے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی اپیل مسترد کردی۔ صدر مملکت نے فائر مین کی بیوہ کو منافع کے ساتھ گروپ انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازم کا جون دو ہزار سولہ میں انتقال ہوا، بیوہ کو انشورنس کے انتظار میں چھ سال ہوگئے لیکن رقم نہ ملی۔
انہوں نے کہاکہ تکلیف اور اذیت کے علاوہ وقت کے ساتھ روپے کی قدر بھی کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیوہ کے دعویٰ کے حق میں تمام مطلوبہ دستاویزات موجود ہیں جبکہ دو ہزار آٹھ میں لوکل گورنمنٹ اور اسٹیٹ لائف کے درمیان گروپ انشورنس کا معاہدہ ہو چکا ہے، ایسے میں شکایت کنندہ کو گروپ انشورنس معاہدے کے مطابق انشورنس کلیم ادا کرنا انشورنس کمپنی کی ذمہ داری ہے۔
style=”display:none;”>