پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے اسلام آباد مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان پرسوں کیا جائے گا تاہم یہ مارچ 25 سے 29 مئی کے درمیان ہوگا، اس کا حتمی فیصلہ کرنے کے لئے پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس مارچ میں صرف ایک ہی مطالبہ ہوگا کہ اسمبلی تحلیل اور فوری الیکشن کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک نئی پیشرفت ہوئی ہے، لوٹوں کو ڈس کوالیفائی کیا گیا ہے، جس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ دنیا میں کوئی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا جب نوجوان اور خواتین شرکت نہیں کرتے، چور اور ڈاکوؤں کے سامنے اپنا سر نہ جھکائیں، ذلت کا خوف، نوکری جانے کا خوف بڑے انسان کو چھوٹا بنا دیتا ہے، جب تک آپ خوف کے بت کو نہیں توڑیں گے، قوم کو عظیم نہیں بناسکتے۔
مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ویسے میں ہمیشہ سوچتا ہوں کہ ان کو اتنا زیادہ مجھ پر غصہ ہے کیوں؟ میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟ ان کے کیسز تو پرانے بنے ہوئے ہیں، مقصود چپڑاسی کے علاوہ سارے کیسز پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے سوچا تھا تنہا بھی نکلنا پڑا تو نکلوں گا، میں نے سوچا نہیں تھا کہ ساری قوم میرے ساتھ کھڑی ہوجائے گی، یہ بھی اندازہ نہیں تھا کہ ہماری باشعور اور دلیر خواتین بھی نکلیں گی، آج ہر شعبے سے قوم نے کہا کہ ہم بھی عمران خان کیساتھ نکلیں گے، پولیس والوں نے کہا ہماری ڈیوٹیاں ہیں لیکن ہماری فیملیز نکلیں گی، سول سروینٹس نے بھی کہا ہے کہ ہماری فیملیز نکلیں گی، ایکس سروس مین اور فوجیوں کے اہل خانہ بھی میرے ساتھ نکلیں گے، ہمارے ریٹائرڈ فوجی بھی تیار ہیں، اسلام آباد میں عوام کا سمندر دیکھ رہا ہوں، پاکستان تو چھوڑیں دنیا میں کبھی کسی نےعوام کا اتنا بڑا سمندر نہیں دیکھا ہوگا، اب سیاست سے بات اوپر چلی گئی ہے اب انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا جب تک نوجوان اور خواتین شرکت نہ کریں، ملک میں جو انقلاب آرہا ہے انشااللہ ضرور کامیاب ہوگا، ہمیشہ اللہ سے دعا کرتا تھا کہ میری قوم کو جگا دے اور شعور بیدار کردے، دعا کرتا تھا کہ میری قوم کبھی مافیا، چور، ڈاکو یا سپرمافیا کے سامنے سر نہ جھکائے، اللہ نے میری دعا قبول کرلی ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جلسے سے آنے سے پہلے بار بار پیغام آیا، عمران خان آپ کی جان خطرے میں ہے بلٹ پروف شیشہ لگالو، اللہ کہتا ہے جو لوگ ایمان لے آئیں اللہ ان کا خوف دور کردیتا ہے جب کہ مرنے، ذلت اور رزق کا خوف انسان کو چھوٹا بنا دیتا ہے، پاکستانیوں آپ نے بڑے بڑے کام کرنے ہیں،جب تک خوف کے بت کو نہیں توڑیں گے ہم عظیم قوم نہیں بن سکتے۔
style=”display:none;”>