اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کے خلاف درخواست پر اعتراضات دور کرکے سیکرٹری قانون اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے ہیں۔ عدالت نے سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ اور اٹک جیل کو بھی نوٹس جاری، جواب طلب کرلیا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کو اٹک جیل منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست دی تھی۔ جس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کا سائفر کیس کی سماعت کرنا بھی خلاف قانون قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔