لاہور( خصوصی رپورٹ) اے این ایف نے ڈرون کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے گروہ کا ایک کارندہ گرفتار کرکے اس سے ہیروئن اور ڈرون برآمد کر لیا ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر اے این ایف نے ڈی ایچ اے لاہور کے قریب ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا۔ کار سوار ملزم نے گاڑی روکنے کی بجائے موقع سے بھگا دی۔ گاڑی کے تعاقب کے دوران ملزم نے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا دی۔ کار سوار ملزم لاہور کے رہائشی فیاض حسین کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی لینے پر گاڑی سے 10 کلوگرام ہیروئن اور ڈرون برآمد کر لیا گیا۔ ایک کلوگرام ہیروئن کا ایک پیکٹ ڈرون کے ساتھ منسلک تھا۔ گرفتار ملزم اے این ایف کو دیگر مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے ڈرون کے ذریعے منشیات سمگلنگ کا اعتراف کر لیا ہے۔ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لئے ملزم سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ لاہور کے نواح میں ڈرون کھتیوں میں گر گیا تھا اور اس میں منشیات پھری ہوئی تھی اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک معمہ بن گیا تھا۔