لاہور( خصوصی رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے متعدد اضلاع کے سیشن ججوں کے تبادلے کردئیے ہیں۔ ترجمان لاہور ہائی کورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد شیخ خالد بشیر کو رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ جبکہ سیشن جج قیصر نذیر بٹ کو لاہور میں تعینات کیا گیا ہے۔ سیشن جج محمد تنویر اکبر کی ہائی کورٹ میں بطور ڈی جی جوڈیشل اینڈ کیس مینجمنٹ تعیناتی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان محمد اکمل خان کو سرگودھا میں تعینات کردیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ جزیلہ اسلم کا اوکاڑہ کی سیشن عدالت میں تبادلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان لاہور ہائی کورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر اور سپیشل کورٹ سینٹرل کے جج بخت فخر بہزاد کو نئی تعیناتی تک لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔