اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا، چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نےفیصلہ محفوظ کیا۔توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کل صبح 11بجے سنایا جائے گا،عدالتی عملے نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کر دیا۔
عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل خواجہ حارث پیش ہوئے۔
بیرسٹر علی ظفر نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی استدعا کردی۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ آج چیئرمین ہی ٹی آئی کی سزا معطلی پر فیصلہ کردیں گے۔
امجد پرویز نے سزا معطلی کی درخواست پر دلائل شروع کردیے۔ چیف جسٹس نے امجد پرویز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے چھ نقاط اٹھائے تھے اسی پر رہیں۔
امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ 2017 میں الیکشن کمیشن کو جمع کرایے گئے گوشوارے چھپائے تھے۔ امجد پرویز نے عمران خان کی سزا معطلی کی مخالفت کردی۔ انہوں نے مختلف قوانین اور عدالتی فیصلوں کے حوالے بھی پیش کیے۔