واشنگٹن ( خصوصی رپورٹ) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2020 کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کے کیس میں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا اور مختصر وقت کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ٹرمپ نے الیکشن مداخلت کیس میں خود کو فُلٹن کاونٹی جیل میں پیش کیا جہاں امریکی تاریخ میں پہلی بار سابق صدر کی قیدیوں والی تصویر بنائی گئی جوکہ بعد میں جاری کردی گئی۔ فلٹن کاؤنٹی شیرف نے بتایا کہ جیل میں سابق صدر کے ایک بار پھر انگلیوں کے نشانات بھی لیے گئے۔ ٹرمپ نے عدالت کے سامنے پیش ہونے کی مہلت ختم ہونے سے ایک روز پہلے ہی گرفتاری دے دی، ان کی دو لاکھ ڈالر کی ضمانت کے بعد کانوائے میں واپسی ہوئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بددیانتی سمجھوں، اس الیکشن کو چیلنج کرنے کا پورا حق ہے۔ جارجیا الیکشن کیس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان 19 افراد میں شامل ہیں جنہیں 2020 کے صدارتی الیکشن میں شکست کو فتح میں بدلنے کی کوشش میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔