ماسکو ( خصوصی رپورٹ) روسی علاقوں پر ڈرون حملوں میں تیزی آگئی۔روس نے ماسکو کے نواح اور یوکرین کی سرحد سے متصل علاقے برائنسک میں چار یوکرینی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون ماسکو کے قریبی قصبے کراسنوگورسک میں گرایا گیا ۔ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ایک اونچی عمارت کی ٹوٹی ہوئی کھڑکیوں اور ملبے کو دیکھا جاسکتا ہے۔روس کی سرکاری نیوز ایجنسی تاس کے مطابق حملوں کے بعد ماسکو کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ یوکرین نے روسی سرزمین پر ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔