اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں جے یوآئی کے کنونشن میں دھماکےسے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 45ہوگئی جبکہ65 زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر فیصل کمال کے مطابق دھماکے میں سوسے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے جس میں معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔ ترجمان ریسکیو1122 کے مطابق اس وقت تیمرگرہ میں 30، خار میں 11 جبکہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 16 زخمی زیر علاج ہیں۔ نگران وزیر اعلی خیبر پختون خوا کے مشیر ڈاکٹر ریاض انور نے کہا ہے کہ سی ایم ایچ میں اس وقت دس زخمی زیر علاج ہیں ۔ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ ہے اور تمام زخمیوں کو علاج معالجے کی تمام تر سہولیات مہیا کی گئی ہے ۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق زخمیوں میں سے چار کے آپریشن کئے گئے ہیں جبکہ ایک زخمی آئی سی یو میں زیر علاج ہے ۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تسلی بخش ہے۔ دھماکے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔ باجوڑ دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن میں خار پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نیک ولی کی مدعیت درج کر لی گئی ہے۔ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی۔ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں۔