چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مصرکے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے مصری بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر مصری بحریہ کے کمانڈر ان چیف نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
سربراہ مصری بحریہ سے ملاقات کے دوران باہمی بحری تعاون اور علاقائی بحری سیکیورٹی کے امور زیرِ بحث آئے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز اورکمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے بحری سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ معززین نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول دفاعی تعاون کے معاملات پر گفت و شنیدکی۔ نیول چیف نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے روابط بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے پاکستان اور مصر کے مابین مضبوط عسکری تعاون کی توثیق کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف کو مصری بحریہ کے کردار اور صلاحیتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل نے مسترال ہیلی کاپٹر کیریئر اور مصری بحریہ کے جہاز برنیس کا دورہ کیا۔
نیول چیف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔
style=”display:none;”>