اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ دھماکے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ باجوڑ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ باجوڑ، خار میں جمیعتِ علماءِ اسلام (ف) کے ورکرز کنوینشن پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ سیاسی جماعتوں پر حملے سے واضح ہے کہ دشمن پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف ہے جسکی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی. ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی. پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ہمارے محافظ دشمن کے ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے. مجھ سمیت پوری قوم واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے.