لاہور ( پ ر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جمعہ کو وزیر اعلی آفس میں صوبائی کابینہ کا 20 واں اجلاس منعقد ہوا – اجلاس میں بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا-کابینہ نے صوبے کے 7 بڑے ہسپتالو ں کی اپ گریڈیشن اور علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنانے کے پروگرام کی منظوری دی- پروگرام کے تحت میوہسپتال، جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال، ڈینٹل ہسپتال، چلڈرن ہسپتال لاہور، نشتر ہسپتال ملتان او رالائیڈ ہسپتال فیصل آباد کی بحالی، تعمیر و مرمت اور ری سٹرکچرنگ ہو گی – کابینہ نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی-اجلاس میں بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کو بھی بہتر بنانے کیلئے احسن اقدام کیا گیاجس کے تحت پہلے مرحلے میں چلڈرن ہسپتال لاہور اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان میں ایمرجنسیز میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا -اجلاس میں سرکاری ملازمین کیلئے ایک اور بڑا اقدام کی منظوری دی گئی جس کے تحت تمام سرکاری ملازمین پی کے ایل آئی میں بھی علاج کرا سکیں گے-کابینہ نے تمام سرکاری ملازمین کے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں علاج معالجے کیلئے ریوالونگ فنڈ کی منظوری دی-اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کا نا م تبدیل کر کے بابا بلھے شاہ ؒ ہسپتال قصوراورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آ باد کا نام تبدیل کر کے نصرت فتح علی خان ہسپتال فیصل آباد رکھنے کی منظوری دی گئی- اجلاس میں گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال کی اپ گریڈیشن کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی جبکہ واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا کام متعلقہ لوکل گورنمنٹس سے واپس لے کر پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا- کابینہ نے واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا کام پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سپرد کرنے کی منظوری دی-کابینہ نے پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی-اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی-