واشنگٹن ( خصوصی رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط مسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں اور پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تجارت اور سرمایہ کاری کومضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے رابطے جاری رکھیں گے جو ہمارے دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کی معاشی بحالی کے عمل میں ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔پاکستان اور چین کے تعلقات کے تناظر میں میتھیو ملر نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان یا کسی اور ملک کو کبھی امریکہ یا چین میں سے کسی ایک کے انتخاب یا امریکہ اور کسی اور ملک کے درمیان انتخاب کے لیے نہیں کہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کی بنیاد عوام سے عوام کے قریبی روابط اور احترام اور شراکت داری پر ہے۔