اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تین روزہ گندھارا سمپوزیم کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جا رہا ہے۔ اس سمپوزیم میں شرکت کے لئے بدھ مت سے تعلق رکھنے والے بھکشو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم ٹاسک فورس گندھارا تہذیب کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار نے ایئر پورٹ پر ویت نام ، نیپال اور ملائیشیا سے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا مذہبی سیاحت میں بڑی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا آج کادن پاکستان کے لئے انتہائی اہم ہے ، پاکستان میں گندھارا تہذیب کے ہزاروں سال پرانے مذہبی مقامات ہیں۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ثقافتی سفارتکار کے حوالے سے یہ سپوزیم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا پشاور اور تخت بائی خان کے تاریخی مقامات اس حوالے سے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ ملائیشیا سے آنے والے بھکشو کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے یہ اپنے ملک کے جیسے لگ رہا ہے۔ یہاں بدھا نے روشنی پھیلا رکھی ہے۔ دیگر بھکشوؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان مذہبی ثقافت کے حوالے سے ایک اہم ملک ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہاں باہر سے لوگ آئیں اور دیکھیں کہ پاکستان سیاحتی اعتبار سے کس قدر اہم اور خوبصورت ملک ہے۔