اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) ملک میں ہونے والی حالیہ بارشوں اوربھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلندہورہی ہے۔دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے، خانکی اور قادر آباد کے مقام پرنچلے اورشکر گڑھ نالہ بین میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راوی سمیت دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤمعمول کے مطابق بہہ رہا ہے،تمام دریاؤں، بیراجوں ،ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاو کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔صوبائی کنٹرول روم سے پنجاب میں تمام صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ ادھر پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122نےتحصیل شکر گڑھ میں مشترکہ ریسکیو آپریشن سیلابی ریلے میں پھنسے 223 افراد کو بچا لیا ۔دھان کی کاشتکاری کے دوران بچوں اور خواتین سمیت بیشتر افراد بھارت کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے۔ سیلابی ریلے میں پھنسے افراد نے مددکرنےپر ریسکیو اور پنجاب رینجرز کا شکریہ ادا کیا۔مزید کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیم متاثرہ علاقہ میں لوگوں کی فوری امداد کیلئے موجود ہے۔