لاہور( خصوصی رپورٹ) جہانگیر ترین کے بھائی اور معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور مینیجنگ ڈائریکٹر عالمگیر ترین نے لاہور میں خود کشی کر لی۔ پولیس کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار لی ہے۔ عالمگیر ترین نے خود کشی لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں کی ہے۔ خودکشی کی اطلاع ملنے پر پولیس عالمگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے بھی عالمگیر ترین خان کی خودکشی کی تصدیق کر دی ہے۔ عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ وہ بیماری کی وجہ سے خود کشی کر رہے ہیں لیکن عالم ترین کے قریبی عزیزوں کا کہنا ہے کہ انہیں عالمگیر ترین کی بیماری کا علم نہیں تھا۔ عالمگیر ترین کی عمر 63 سال تھی اور وہ غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔