راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زِیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ رکھیں گے، پاک فوج علاقائی سالمیت کے تحفظ کی اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔کانفرنس کے شرکاء نے 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت یقینی طور پر جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کیخلاف قانون کی گرفت مضبوط کرنے کا وقت آگیا ہے۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر جعلی پراپیگنڈے کے ذریعے انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں جس کا مقصد ملک اور مسلح افواج کو بدنام کر کے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے، قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے، کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کو نہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے، رِیاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتے رہیں گے۔ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔