شیخوپورہ( خصوصی رپورٹ) شیخوپورہ میں کنڈی سے مچھلی پکڑنے کے مقابلہ کے دوران ایک شکاری نے 25 کلو گرام کی مچھلی پکڑ کر مقابلہ جیت لیا ہے۔
کنڈی اور کانٹے کے ساتھ مچھلی پکڑنا زمانہ قدیم کی روائت ہے جوموجودہ دور میں بھی برقرار ہے، مغلیہ دور کی یادگار ہرن مینار شیخوپورہ کے وسیع و عریض تالاب میں کنڈی کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے سالانہ مقابلے ہو ئے۔ دس گھنٹے تک جاری رہنے والے قسمت آزمائی کے ان منفرد اور دلچسپ مقابلوں میں پنجاب سندھ کے پی کے اور آزاد کشمیر سے 65شکاریوں نے حصہ لیا۔ تاریخی یادگار ہرن مینار شیخوپورہ پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے شہریوں اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے شکاریوں نے کنڈی کانٹے کے ساتھ مچھلی پکڑنے کی زمانہ قدیم کی روائت کو دور جدید میں بھی زندہ رکھنے پر ٹورنامنٹ انتظامیہ کی کاوش کو سراہا۔قدیم اور تاریخٰ یادگار کے وسیع و عریض تالاب میں ہونے والے مقابلوں میں لاہور کے رہائشی عمران بٹ 25کلو وزنی مچھلی پکڑ کر پہلے شیخوپورہ کے ظفر علی 1کلو 18گرام وزنی مچھلی کے ساتھ دوسرے اور لاہور کے شرافت علی992گرام وزن کی مچھلی پکڑ کر تیسرے نمبر پر رہے جنہیں مہمان خصوصی نے کیش انعامات اور شیلڈ دیں۔