اسلام آباد ( پ ر) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے قومی و بین الاقوامی سطح پر ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف میں ایس جی ڈی-4 (معیاری تعلیم) کے تحت عالمی درجہ بندی کے معتبر ادارہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی، امپیکٹ رینکنگ 2023ء میں پاکستان کی 66 سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں پہلی جبکہ دنیا بھر کی1304 جامعات میں 25ویں پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ معیاری تعلیم، پائیدار ترقی کا ہدف 4 ہے جو کہ ابتدائی سالوں اور تاحیات سیکھنے، تدریسی تحقیق، اور جامع تعلیم کے لیے وابستگی میں یونیورسٹیوں کے تعاون کی پیمائش کرتا ہے۔ اوپن یونیورسٹی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی واحد جامعہ ہے جو دنیا کی پہلی 25 جامعات میں شامل ہے۔ گزشتہ سال اوپن یونیورسٹی پاکستانی جامعات میں 20ویں جبکہ عالمی درجہ بندی میں 600-400 میں موجود تھی۔ مزید برآں، اوپن یونیورسٹی پائیدارترقی کے ہدف نمبر 8 (مناسب کام اور معاشی ترقی) میں 39 جامعات میں دوسرے نمبر پر، پائیدارترقی کے ہدف نمبر1 (غربت کا خاتمہ) میں 49 جامعات میں تیسرے نمبر پر جبکہ ہدف نمبر 17 (اہداف کیلئے شراکت) میں اوہن یونیورسٹی 72 جامعات میں 5ویں نمبر پر موجود ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوپن یونیورسٹی جامعات کی عالمی درجہ بندی میں 72 پاکستانی جامعات مین 10ویں نمبر پر موجود ہے جو کہ پچھلے سال 37ویں نمبر پر تھی۔ وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس خوشی کے موقع پر پوری فیکلٹی اور عملے کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پوری جانفشانی سے کام کرتے رہیں گے اور رینکنگ کو بہتر بنانے کے لیے تمام ایس جی ڈیز میں مزید بہتری کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔امپیکٹ رینکنگ واحد عالمی کارکردگی کی میزیں ہیں جو سب کے لیے پائیدار مستقبل کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے 17 پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق یونیورسٹیوں کا جائزہ لیتی ہیں۔ یہ درجہ بندی چار وسیع شعبوں؛ تحقیق، ذمہ داری، آؤٹ ریچ اوی تدریس میں جامع اور متوازن موازنہ پر مبنی ہے۔