پٹرول 8 اور ڈیزل 5 روپے فی لیٹر سستا، مٹی کے تیل کی قیمت برقرار
اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) وفاقی حکومت نے پٹرول 8روپے اور ڈیزل 5روپے فی لٹر سستا کردیا ہے تاہم مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 262روپے جبکہ ڈیزل کی 147.68روپے فی لٹر مقرر ہوگئی ہے جس کا اطلاق گزشتہ رات بجے سے ہوگیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں ، مئی میں مجموعی طور پر پٹرول پر 20اور ڈیزل پر 35روپے کم کئے ۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوبارہ کمی کا اعلان کیاہے، پیٹرول کی قیمت میں 8روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے کی کمی کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے بدھ کی شب بتایا کہ گزشتہ 15یوم کے دوران عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ ردوبدل نہیں ہوا مگر اس کے باوجود حکومت عوام کوگنجائش کے مطابق ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پچھلی بار 30 روپے کی کمی کردی گئی تھی، اس کی قیمت میں مزید 5 روپے کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 253روپے فی لیٹرہوگئی، پیٹرول کی قیمت میں پچھلی بار 12روپے کی کمی کی گئی تھی اس میں مزید 8روپے کی کمی کردی گئی ہے اوریکم جون سے پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 262روپے ہوگئی ۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں مزید 5 روپے کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد لائیٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 147.68روپے ہوگئی۔ کیروسین آئل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیاگیا۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ 15مئی اور31مئی کوملا کرہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طورپر35روپے، پیٹرول 20 روپے اورکیروسین آئل کی قیمت میں 17روپے کی کمی کردی گئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق یکم جون سے ہوگا۔